اسلام آباد: وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے احتساب شہزاد اکبر نے متحدہ عرب امارات کے وزیر انصاف سے ملاقات کے بعد کہا کہ غیر قانونی اثاثوں کی وصولی پر معاہدہ ہوگا۔ غیر قانونی اثاثوں سے متعلق رابطوں کو بڑھایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے احتساب شہزاد اکبر نے متحدہ عرب امارات کے وزیر انصاف سلطان سعید البدیع سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بے نامی اور غیر قانونی جائیدادوں پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان معلومات کے تبادلے پر گفتگو کی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ حکومت غیر قانونی جائیداد کی تفصیلات منظر عام لانے کے لیے پرامید ہے۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر انصاف کے ساتھ ملاقات میں جلد پیش رفت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ معلومات تک رسائی اور غیر قانونی اثاثوں کی وصولی پر معاہدہ ہوگا۔ غیر قانونی اثاثوں سے متعلق رابطوں کو بڑھایا جائے گا۔
Recently met with UAE Minister of Justice Sultan Saeed Al Badi to discuss setting up operational liaison between UAE & Pakistan for exchange of information and signing bilateral treaties for seeking information and recovery of unlawful wealth @PTIofficial pic.twitter.com/eLyxPbsoLE
— Mirza Shahzad Akbar (@ShazadAkbar) November 24, 2018
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا جہاں دونوں ممالک نے وائٹ کالر کرائم کے خلاف اقدامات اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات پر اتفاق کیا تھا۔
ایک ماہ قبل پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انصاف اور احتساب کا معاہدہ بھی طے پاچکا ہے۔ معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کے تبادلے سے متعلق پروگرام شروع کیا جائے گا۔
برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک نے منی لانڈرنگ کے تدارک کے لیے مل کر کام کرنے پراتفاق کیا تھا۔ معاہدے میں پاکستانی ملزمان کی حوالگی اور پاکستانی اثاثوں کی ریکوری کے لیے دوبارہ کام کرنا بھی شامل تھا۔