سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر نے نواز شریف سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کہا تھا کہ نواز شریف اپنے بھائی شہباز کے مقابلے میں اچھے انسان ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز کچھ پاکستانی میڈیا پر شہزاد اکبر کے حوالے سے یہ بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف اچھے انسان ہے۔ اس بیان کے حوالے سے سابق مشیر احتساب نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
شہزاد اکبر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ کچھ دن پہلے لندن میں دو صحافی نما لوگوں سے اتفاقاً ملاقات ہوئی تھی تو گفتگو میں ان سے کہا تھا کہ نواز شریف اپنے بھائی شہباز کے مقابلے میں اچھے انسان ہیں۔
سابق مشیر احتساب نے مزید کہا کہ میں نے انہیں اس کی وجہ بھی بتائی تھی کہ نواز شریف ہمیشہ طاقتور لوگوں کے سامنے ڈٹ جاتے ہیں جب کہ ان کے مقابلے میں ان کا بھائی اور موجودہ وزیراعظم شہباز شریف لیٹ جاتے ہیں۔
کچھ دن پہلے لندن میں دو صحافی نما سے اتفاقاً ملاقات ہوئی جنہیں صرف یہ عرض کیا کہ نواز شریف اپنے بھائی شہباز کے مقابلے اچھے انسان ہیں اور وجہ بھی بتلائی کہ وہ ہمیشہ وردی والوں کے سامنے ڈٹ جاتے ہیں جبکہ انکا بھائی بچ کیا لیٹ جاتا ہے
صحافی نما بھوکے تھے آدھی بات کھا گئے🤷🏻♂️— Mirza Shahzad Akbar (@ShazadAkbar) July 10, 2023
انہوں نے طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ صحافی نما لوگ بھوکے تھے جو آدھی بات کھا گئے۔