عمران خان کی حمایت پر مجھے قتل کیا جاسکتا ہے، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں عمران خان کی حمایت کرتا ہوں ،خدشہ ہے کہ مجھے قتل بھی کیاجاسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ‘اعتراض ہے’ میں شیخ رشید نے ملکی سیاسی ومعاشی حالات، جیل میں گزارے دن اور عمران خان کی سیاست پر کھل کر گفتگو کی۔

شیخ رشید نے بتایا کہ پولیس افسران نے میرے گھر پر ڈاکہ ڈالا، سپاہیوں نے جیل میں کمبل دیئے،اگر میرے پاس کمبل اور نیند کی گولیاں نہ ہوتیں تو شاید اگلے دن میری لاش ملتی۔

انہوں نے بتایا کہ حراست کےدوران مجھ سے صرف ایک دن زیادتی ہوئی، مجھے ایک جگہ آنکھوں پر پٹی باندھ کر لےجایا گیا، میرے فون چھین لئے گئے جو کہ ابھی تک ان کے پاس ہیں انہیں پیغام دے رہا ہوں کہ ان کا پاسپورڈ تو پوچھ لیں۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو کہ چکا ہوں کہ جیل بھرو تحریک میں سب سے پہلے میں گرفتاری دوں گا، میں عمران خان کی حمایت کرتا ہوں ، مجھے قتل بھی کیاجاسکتا ہے۔ عمران خان بھی کہہ چکے ہیں کہ آصف زرداری انہیں مرواناچاہتاہے،نامعلوم جگہ پر بھی یہی کہا کہ عمران نے کہا آصف زرداری انہیں ختم کرانا چاہتاہے۔

شیخ رشید نے اپنی گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ پیرکےدن الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں، سپریم کورٹ بیٹھے اور اس ملک کو بچائے، انہوں نے الیکشن نہیں کرانا،عمران کو نااہل کرنےکی کوشش میں لگےہیں۔

پی ڈی ایم کو مخاطب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں ایک سیٹ کا لیڈرہوں ان کا ستیاناس کردوں گا ووٹ کی پرچی ان کے پولنگ کیمپ سے کٹے گی ووٹ عمران کو پڑے گا، ایسا پوسٹ مارٹم کروں گا کہ ان کےگندے کپڑے کوئی نہیں خریدےگا۔