رنگ گورا کرنے والے انجیکشن سے متعلق شائستہ لودھی کا انکشاف

شائئستہ لودھی

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ڈاکٹر شائستہ لودھی نے رنگ گورا کرنے والے انجیکشن سے متعلق انکشاف کردیا۔

اداکارہ شائستہ لودھی نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی اس دوران انہوں نے مداحوں کے مختلف سوالات کے جوابات دیے اور نجی زندگی سے متعلق بھی گفتگو کی۔

اداکارہ نے کہا کہ گورا ہونا خوبصورتی کی علامت نہیں اور نہ ہی دنیا میں کوئی ایسا انجیکشن ہے جو کہ انسان کو گورا کرسکے۔

رنگ صاف کرنے والے انجیکشن سے متعلق شائستہ نے بتایا کہ ان انجیکشنز کو بھارت اور پاکستان میں وائٹننگ کہا جاتا ہے لیکن اس کے مصرف تبدیل ہیں، یہ انجیکشن دراصل اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو کہ انسان کے جسم کو کلین کرتا ہے اور اس طرح جسم پر اثر انداز ہوتا ہے لیکن چونکہ یہ انجیکشن پاکستان اور بھارت میں بیچنا تھا اس لیے اس انجیکشن کیلئے وائٹننگ انجیکشن کا لفظ استعمال کیا گیا۔

شائستہ لودھی نے اپنے مریضوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس مائیں 6 ماہ کےنوزائیدہ بچے کو لے کر آتی ہیں اور کہتی ہیں میرے بچے کا رنگ نہ جانے کس پر چلا گیا ہے، آپ اسے کوئی ایسی کریم یا دوائی دیں کہ اس کا رنگ صاف ہوجائے۔

ڈاکٹر شاستہ لودھی کے مطابق اکثر مائیں 12 سال، 14 سال اور 15 سال کی لڑکیوں کو لے آتی ہیں اور اس بچی کو سامنے بٹھا کر کہتی ہیں میری ساری بچیوں کا رنگ گورا ہے لیکن اس کا رنگ دیکھیں اگر ایسا ہی رہا تو اسے کون دیکھےگا۔

انہوں نے مزیدکہا کہ میرے پاس پہلے لوگ ماہ نور بلوچ کی تصویریں لے کر آتے تھے کہ ایسا دکھنا ہے، اب عائزہ خان اور مردوں میں فہد مصطفیٰ کی تصویریں آکر دکھاتے ہیں۔

واضح رہے کہ شائستہ لودھی اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’سمجھوتہ‘ اور ’پردیس‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں جس میں مداحوں نے ان کی اداکاری کو خوب سراہا تھا۔