تمیم اقبال کی انجری کے باعث تجربہ کار شکیب الحسن ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کی قیادت کریں گے۔
بنگلا دیش نے ایک بار پھر شکیب الحسن کو اپنی ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کا کپتان نامزد کر دیا جو زخمی اوپنر تمیم اقبال کی جگہ لیں گے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ترجمان تنویر احمد نے اے ایف پی کو بتایا کہ 36 سالہ شکیب ورلڈ کپ تک بنگلہ دیش کی قیادت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں شکیب الحسن ہمارے کپتان ہوں گے اور ہم مناسب وقت پر تفصیلات کا اعلان کریں گے۔
بورڈ کے صدر نظم الحسن نے اس سے قبل صحافیوں کو بتایا تھا کہ اس ماہ کے آخر میں ایشیا کپ کے ساتھ شکیب کو ون ڈے کپتان کے طور پر دوبارہ مقرر کرنا بہترین آپشن ہے۔
نظم الحسن نے کہا کہ شکیب الحسن ہمارا سب سے آسان اور واضح انتخاب ہے۔
شکیب نے 2009 اور 2017 کے درمیان 50 ون ڈے میچوں میں بنگلا دیش کی قیادت کی، جو روایتی طور پر ٹیم کا سب سے مضبوط فارمیٹ ہے جس میں 23 بار انہوں نے فتح حاصل کی۔ شکیب نے 2009-11 تک تینوں فارمیٹس میں بنگلہ دیش کی قیادت کی۔