سری لنکن آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز کے بھائی ٹریون میتھیوز ’ٹائم آؤٹ‘ کا مسئلہ سامنے آنے کے بعد بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کو واننگ جاری کردی۔
اینجلو کے بھائی نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیشی آل راؤنڈر کا سری لنکا میں کسی بھی حیثیت میں خیرمقدم نہیں کیا جائے گا، ان کے اس فیصلے سے ہمیں بہت مایوسی ہوئی، شکیب سری لنکا آئے تو یہاں انھیں پتھر مارے جائیں گے۔
ٹریون نے کہا کہ اس صورتحال میں ہم بہت مایوس ہوئے۔ بنگلہ دیشی کپتان میں اسپورٹس مین اسپرٹ نہیں ہے اور انھوں نے جینٹل مین گیم میں بالکل بھی انسانیت نہیں دکھائی۔
انھوں نے کہا کہ شکیب کا سری لنکا میں خیرمقدم نہیں کیا جائے گا، اگر وہ یہاں کوئی انٹرنیشنل یا ایل پی ایل میچ کھیلنے آئے تو ان پر پتھر پھینکے جائیں گے یا انھیں مداحوں کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ ٹائم آؤٹ کے بعد امپائرز نے شکیب سے پوچھا تھا کہ کیا وہ اپنی اپیل واپس لینا چاہتے ہیں کیونکہ میتھیوز کے ہیلمٹ میں واقعی مسئلہ تھا، شکیب نے اپیل واپس لینے سے انکار کردیا تھا۔ اس کے بعد مایوس میتھیوز کو کسی بھی گیند کا سامنا کیے بغیر ہی گراؤنڈ سے واپس جانا پڑا تھا۔
سری لنکا کے اینجلو میتھیوز کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ’ٹائم آؤٹ‘ قرار پائے تھے جس کا سہرا بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کو جاتا ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم کے بولنگ کوچ ایلن ڈونلڈ نے بھی شکیب الحسن کی اس حرکت سے خود کو بری الذمہ قرار دیا تھا۔
جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے ڈونلڈ کا کہنا تھا کہ اس لمحے وہ سوچ رہے تھے کہ خود گراؤنڈ میں چلے جائیں اور کہیں کہ بہت ہوچکا ہم یہ سب کرنے کے لیے یہاں نہیں آئے۔