شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شمعون عباسی نے پہلی بار اپنی طلاق کی وجہ بیان کردی۔
نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں شمعون عباسی نے اپنی چار شادیوں کا ذکر کیا جن میں انہیں تین میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ نہ میں بُرا تھا نہ ان میں خرابی تھی، بس ہم ساتھ نہیں چل پائے، کبھی کبھی دو اچھے لوگ بھی ساتھ چل نہیں پاتے، ہمارے درمیان محبت تھی مگر خواب الگ الگ تھے، بنیادی مسئلہ زندگی کے اہداف کا مختلف ہوتا ہے۔
اداکار نے کہا کہ سابقہ بیویاں جویریہ عباسی، حمیما ملک اور جویریہ رندھاوا اپنی زندگی میں جلد ازجلد کامیابی، شہرت اور مادی خوشیاں چاہتی تھیں جبکہ میں تحمل مزاج ہوں اور یقین رکھتا تھا کہ وقت کے ساتھ سب کچھ آتا ہے۔
شمعون عباسی نے تسلیم کیا وہ اپنی سابقہ بیویوں کے مقابلے میں زیادہ کامیابیاں نہیں سمیٹ سکے۔ جویریہ اور حمیما نے اپنا بہترین کیریئر بنایا۔ میں پیچھے رہ گیا۔
یاد رہے کہ شمعون عباسی نے پہلی شادی اپنی کزن جویریہ عباسی کے ساتھ 1997 میں کی تھی۔ شادی سے قبل اس جوڑی نے ایک ٹیلنٹ شو میں پہلا نمبر حاصل کیا تھا۔
اداکار کی یہ شادی سب سے زیادہ عرصے چلی تاہم 2009 میں ان کے درمیان طلاق ہوگئی۔ جس کے فوری بعد شمعون نے حمائمہ ملک سے شادی کی۔
شمعون عباسی کی یہ دوسری شادی ایک سال ہی چل سکی اور 2010 میں طلاق ہوگئی۔ جس کے بعد انہوں نے 2010 میں جویریہ رندھاوا سے شادی کی۔
ان کی یہ تیسری شادی بھی محض 4 سال چل سکی اور دونوں کے درمیان 2014 میں طلاق ہوگئی۔ جس کے 6 سال بعد شمعون عباسی نے 2023 میں اداکارہ شیری شاہ سے شادی کی۔