پی ایس ایل 9: شان مسعود کراچی کنگز کا حصہ بن گئے

شان مسعود

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 میں قومی ٹیم کے اوپنر بیٹر شان مسعود کراچی کنگز کا حصہ بن گئے۔

پی ایس ایل سیزن 9 کے لیے کراچی کنگز کی ملتان سلطانز کے ساتھ ٹریڈ ہوئی جس کے مطابق شان مسعود کراچی کنگز میں شامل ہوگئے اور کراچی کنگز کے اسپنر فیصل اکرم ملتان سلطانز کا حصہ بن گئے۔

ڈرافٹنگ میں ڈائمنڈ اور سلور کیٹیگری کی پہلی باری ملتان سلطانز کو ملیں گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک اور ایکس پر کراچی کنگز کی جانب سے شان مسعود کو ٹیم میں خوش آمدید کہا گیا ہے۔

کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ شان مسعود کو خوش آمدید کہتے ہیں، شان کنگز کے اسکواڈ میں بہترین اضافہ ہیں، ان کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان ٹریڈ ہوئی تھی جس میں عماد وسیم یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے تھے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر حسن علی کراچی کنگز میں شامل ہوگئے تھے۔

یونائیٹڈ نے عماد وسیم کو پلاٹینم کیٹگری جبکہ کراچی کنگز نے حسن علی کو ڈائمنڈ کیٹگری میں پک کیا تھا۔