بابر کے بیٹنگ آرڈر سے متعلق شان مسعود نے کیا کہا؟

کپتان شان مسعود

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بابر اعظم کے بیٹنگ آرڈر سے متعلق لب کشائی کردی۔

دورہ آسٹریلیا سے قبل قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ کپتانی تو آنے جانے والی چیز ہے، کوشش ہے کہ ٹیم کے لیے اچھی پرفارمنس دوں۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹر اور ٹیم مینجمنٹ ایک پیج پر ہے، بابر بہترین کھلاڑی ہیں ان کی پوزیشن تبدیل نہیں ہوگی۔

شان مسعود نے کہا کہ ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی گئی ہیں۔ قومی ٹیم میں دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔

شان مسعود کا کہنا تھا آسٹریلیا کی سیریز ہم سب کے لیے ایک چیلنج ہے، ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کا آغاز ہو چکا ہے، ہمارا آغاز اچھا ہےکوشش ہو گی کہ فائنل کھیلیں۔

اپنی ٹیم میں واپسی سے متعلق شان مسعود کا کہنا تھا نیوزی لینڈ کے دورے کے بعد میں ڈراپ ہو گیا تھا، مجھے واپسی کے لیے وقت لگا، ڈیڑھ سال بعد واپس آیا ہوں لیکن مجھے جب بھی موقع ملا اپناحصہ ڈالنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا پاکستان کے لیے کھیلنا بڑی بات ہے، کپتانی کرنا اس سے بھی بڑی بات ہے لیکن کپتانی ایک عارضی چیز ہوتی ہے، کوشش ہونی چاہیے کہ ذمہ داری کا مظاہرہ کر کے اچھا کھیلیں، ہم آسٹریلیا میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے، یہ بالکل نئی ٹیم نہیں، ایک متوازن ٹیم ہے۔

شان مسعود کا کہنا تھا امام الحق اور عبداللہ شفیق ایک ساتھ اچھا کھیل رہے ہیں، میں ڈومیسٹک میں نمبر تین پر کھیلتا ہوں، صائم ایوب ایک باصلاحیت نوجوان ہیں ان کی بیٹنگ اپروچ شاندار ہے، بابر اعظم کی پوزیشن کوئی نہیں چھیڑے گا وہ سب سے بہترین بیٹر ہیں۔

کپتان قومی ٹیم کا کہنا تھا ہم نتائج کی ذمہ داری لیں گے، جو اچھا نہیں ہو رہا اس کو بہتر کریں گے، تنقید ہوتی ہے لیکن تعمیری تنقید کو ضرور دیکھیں گے۔