کراچی: کراچی کنگز کے صدر اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈری فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے ساحل کی صفائی کر کے لوگوں کے دل جیت لیے۔
سماجی رابطے اور مائیکروبلاگنگ کی ویب سائٹ پر وسیم اکرم نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کراچی کے ساحل کلفٹن اور سی ویو پر کی جانے والی صفائی کے بارے میں آگاہ کررہے تھے۔
وسیم اکرم نے صفائی مہم میں حصہ لینے والے افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کسی بھی جگہ کو اس انداز سے صاف کرنا ناممکن ہے، اگر ہم سب اکٹھے ہوجائیں، ایک قوم اور پڑی بن کر خود سے عہد کریں تو ہم یہ سب کرسکتے ہیں۔
کراچی کنگز کے صدر نے اپنی اہلیہ شنیرا اکرم، سرکاری ملازمین اور افسران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مثبت اقدام کی ابتدا کی۔
وسیم اکرم نے اُن رضاکاروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے روزانہ آکر صفائی کی۔ کنگ آف سوئنگ کی پوسٹ کے بعد صارفین نے اُن کی اہلیہ کی تعریف کی۔
Thanks to @iamShaniera for initiating this needful campaign and to all government officials and massive thank you to workers who come there every morning to make it look the way it is now . #cliftonbeach #congratskarachi #happydays pic.twitter.com/0NxhyYWnhr
— Wasim Akram (@wasimakramlive) January 30, 2020
یاد رہے کہ چند روز قبل شنیرا اکرم نے کراچی کے ساحل کا دورہ کیا اور وہاں پر استعمال شدہ سرنج، اسپتال کے فضلے کی موجودگی کا انکشاف کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ساحل کی صفائی ہونے تک عوام کے داخلے پر پابندی عائد کرے۔ شنیرا اکرم کی پوسٹ کا انتظامیہ نے نوٹس لیتے ہوئے ساحل کی صفائی کا سلسلہ شروع کردیا، جو اب بھی جاری ہے۔