شرجیل میمن نے سندھ کے کسانوں کو بڑی خوشخبری سنادی

شرجیل میمن: عمران خان نے 9 مئی کو ملک کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانے کی کوشش کی

سینئر وزیر شرجیل میمن نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے کسانوں کو بڑی خوشخبری سنادی۔

سندھ حکومت کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لیے امدادی فنڈز میں اضافہ کیا گیا ہے، سندھ کابینہ نے 2022 کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لیے فنڈز میں اضافہ کیا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ نقصان کا معاوضہ، بیچوں کی فراہمی، متاثرہ زمینوں کی بحالی کے لیے مالی مدد شامل ہے، امدادی فنڈز میں اضافہ سندھ فلڈری ہیبلٹیشن پروگرام کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے سکھر اور حیدرآباد میں نئے صنعتی زونز کی منظوری دے دی ہے، صنعتی زونز پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم کیے جائیں گے، حیدرآباد میں 951 ایکڑ اراضی سندھ اکنامک زونز مینجمنٹ کمپنی کو منتقل کی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ منصوبے سے صوبے میں 55 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، منصوبے سے معیشت کو ایک نئی جہت ملے گی، سندھ کابینہ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے لیے 10.56 ارب کا بغیر سود قرض منظور کرلیا۔

شرجیل میمن کے مطابق ہاری کارڈ سے زرعی لاگت پرسبسڈی، نرم قرضے، آفات سے بچاؤ کے لیے مالی مدد کی جائیگی، اب تک 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد کسان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں ، 88871 درخواستوں کی تصدیق بھی مکمل کرلی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت ڈملوٹی سے ڈی ایچ اے تک 36 کلو میٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائے گی، ڈی ایچ اے کو یومیہ 15 ایم جی ڈی پانی کی ضرورت ہے جبکہ صرف 5 ایم جی ڈی دیا جارہا ہے منصوبے میں پمپنگ اسٹیشن، فلٹریشن پلانٹ ،ریزر وائر شامل ہوں گے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ کابینہ نے سندھ بینک کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی منظوری دے دی ہے، 11 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔