9 مئی کو بانی پی ٹی آئی کی کوشش تھی ملک کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچا سکے، شرجیل میمن

شرجیل میمن: عمران خان نے 9 مئی کو ملک کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانے کی کوشش کی

کراچی (10 اگست 2025): سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو بانی پی ٹی آئی کی کوشش تھی کہ ملک کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچا سکے۔

میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 9 مئی کو جو کیا اس کے بعد ان میں ایسی حرکت کی ہمت نہیں ہوئی، یوم استحصال کشمیر پر بھی 9 مئی کی سوچ کی طرح انہوں نے احتجاج کی کال دی تھی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ میری گزارش ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ بھی جشن آزادی کی تقریبات میں شامل ہوں، سیاسی اختلافات اپنی جگہ پر لیکن قومی تہوار میں سب کو متحد ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کے بچے پاکستان آکر سیاست کرنا چاہیں تو ضرور کریں، شرجیل میمن

سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ جشن آزادی کی تقریبات کے انعقاد میں سندھ حکومت بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے، 13 اگست کو نیشنل اسٹیڈیم میں پروگرام کا انعقاد کر رہے ہیں جہاں میوزیکل شو اور آتش بازی کا مظاہرہ ہوگا، کنسرٹ کیلیے مختلف مقامات پر بڑی اسکرینز اور لاؤڈ اسپیکرز لگائیں گے، 13 اگست کو کراچی میں ہونیوالا کنسرٹ سندھ کے ہر ڈسٹرکٹ میں لائیو دکھائیں گے۔

’تمام وزرا آزادی کے جشن میں بھرپور انداز سے ثابت قدم ہیں۔ یہ پاکستان کا پروگرام ہے جس میں کسی سیاسی جماعت کا کردار نہیں۔ کل کے کرکٹ میچ میں اپوزیشن اور لیڈر آف دی ہاؤس دونوں ساتھ تھے۔ سکھر میں جشن آزادی پر آج کنسرٹ ہونے جا رہا ہے۔‘

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کل راشد منہاس روڈ پر افسوسناک واقعہ پیش آیا سی سی ٹی وی کی مدد سے 14 لوگوں کو گرفتار کیا گیا، ملک نے بہت نفرت دیکھ لی اب یہ ترقی کی جانب گامزن ہے، کوئی نفرت انگیز حرکت کرے گا تو قانون کے مطابق دیکھا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک حادثے میں کسی کی جان جائے تو ذمہ دار گرفتار ہوتا ہے یا بھاگ جاتا ہے، نفرت پھیلانے اور جلاؤ گھیراؤ کرانے والوں کے خلاف قانون واضح ہے، ہمیں معلوم ہے کچھ لوگ سازش کر رہے ہیں، ڈمپر جلانے اور جلوانے والے دونوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔