شرجیل میمن کو سندھ کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان

کراچی: محکمہ اطلاعات میں کرپشن الزامات پر ضمانت منظور ہونے کے بعد شرجیل میمن کو ایک بار پھر سندھ کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کے بعض وزرا کے قلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ شرجیل میمن کی بھی کابینہ میں دوبارہ واپسی کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جن وزراء کے قلمندان تبدیل کیے جارہے ہیں ان میں سعید غنی، ناصر حسین شاہ، سہیل انور سیال اور جام اکرام دھاریجو شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شرجیل میمن زرِ ضمانت جمع کرانے کے بعد سینٹرل جیل سے رہا

ذرائع کے مطابق سعید غنی کو محکمہ تعلیم اور ناصرشاہ کو محکمہ اطلاعات کاقلمدان سونپنےکا فیصلہ ہوا ہے، جام اکرام دھاریجو کو محکمہ اینٹی کرپشن کا وزیر بنایا جائے گا جب کہ سہیل انور سیال سے اینٹی کرپشن کا قلمدان واپس لینے کا فیصلہ ہوا ہے۔

شرجیل میمن کو بھی سندھ کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے، وزرا کے قلمدان کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن کچھ دیرمیں جاری کیا جائے گا۔