’انتخابات جب بھی ہوں گے پیپلز پارٹی بڑا سرپرائز دے گی‘

پیپلز پارٹی این اے 148

کراچی: سابق صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ انتخابات جب بھی ہوں گے پیپلز پارٹی بڑا سرپرائز دے گی۔

میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی پورے ملک سے کامیاب ہوگی، پاکستان کا کوئی ایک لیڈر رہنما بتا دیں جس نے جوڑنے کی بات کی ہو، واحد آصف علی زرداری ہیں جو دشمن اور مخالف کو بھی ساتھ بٹھانے کی بات کرتے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ 20 جماعتیں بھی اتحاد بنا لیں تو انہیں شکست ہوگی، ہم چاہتے ہیں آئین و قانون کے مطابق الیکشن ہوں، بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ دیں 60، 90 یا 120 دن مگر تاریخ دیں۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف سینئر سیاسی رہنما ہے انہیں ایسی گفتگو نہیں کرنی چاہیے، میں آنکھوں دیکھا گواہ ہوں کہ ابھی (ن) لیگ کی حکومت کیسے آئی، پی ڈی ایم پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو زرداری نے بنائی تھی، پی ڈی ایم نے کہا تھا کہ سب نیشنل اسمبلی سے استعفیٰ دے دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کہا کہ نہیں گراؤنڈ میں بیٹھ کر مقابلہ کریں، ہماری سیاسی بصیرت تھی کہ عدم اعتماد کی تحریک لائیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آئینی طریقے سے کسی کو گھر بھیجا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر بھیجنے کا کریڈٹ کسی کو جاتا ہے تو پیپلز پارٹی کو جاتا ہے۔

سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اس ملک کیلیے ایک امید ہیں، ملک کے مسائل کا واحد حل ہماری لیڈرشپ ہے، ملکی حالات اور معاشی صورتحال پر عوام میں بے چینی ہے، ان تمام پریشانیوں کا حل یقینی طور پر پیپلز پارٹی ہے، عوام کو مہنگائی کے طوفان سے پیپلز پارٹی نکال سکتی ہے۔