شہر کے نالے بالکل صاف تھے بارش کا پانی نکل رہا تھا، شرجیل میمن

شہر کے نالے بالکل صاف تھے بارش کا پانی نکل رہا تھا، شرجیل میمن

کراچی(21 اگست 2025): سندھ حکومت کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہر کے نالے بالکل صاف تھے بارش کا پانی نکل رہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں کلائمیٹ چینج کی بات ہورہی ہے، ملک کے چاروں صوبوں میں بارشوں کی صورتحال ہے اور کے پی میں بارشوں اور سیلاب سے 3        سو سے زائدا موات ہوئی ہیں جس پر افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کو دیکھتے ہوئے آئندہ کی حکومت عملی ترتیب دینی ہے، ایک سیاسی جماعت کو عوام نے مسترد کیا ،ایم کیوایم نے بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا کیوں کہ ایم کیو ایم کو پتہ تھا ایک سیٹ بھی نہیں ملے گی اس لئے ہمت ہی نہیں تھی الیکشن لڑنے کی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی پوری مشینری، وزیراعلیٰ، میئر سمیت پوری انتظامیہ سڑکوں پر تھی، کوئی کوتاہیاں سامنے آئی ہیں تو انہیں دور کرنا چاہیے، شہر کے نالے بالکل صاف تھے، بارش کا پانی نکل رہا تھا، ہمیں لانگ ٹرم پالیسی بنانی پڑے گی کیونکہ اب روٹین کی بارشیں نہیں ہو رہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ بارش کے باعث چند گھنٹے بہت پریشان اور تکلیف دہ تھے، بارش کے بعد سڑکوں کی حالت بری ہوگئی، روڈ کٹنگ اور بارش کے بعد بڑا چیلنج سڑکوں کی تعمیر ہے، سڑک دھنس جانے یا روڈ کٹنگ ہو، جہاں جس کی کوتاہی ہوگی بخشا نہیں جائے گا۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ہر ٹاؤن انتظامیہ نے اپنے علاقوں میں کام کیا ہے کسی پر الزام نہیں لگاؤنگا، جہاں پانی جمع ہے وہاں واٹر باؤزرز سے نکاسی کی جارہی ہے۔