سندھ میں منشیات فروشوں کیخلاف ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت

سندھ میں منشیات فروشوں کیخلاف ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت

کراچی: وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ شرجیل میمن نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کیلیے ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت کر دی۔

صوبائی وزیر شرجیل میمن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ منشیات کی سرکوبی کیلیے ہر ممکن اقدامات کرنا ہوں گے، تعلیمی اداروں میں آئس و دیگر منشیات کا بڑھتا رجحان تشویشناک ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سیکریٹری ایکسائز اور ڈی آئی جی حیدر آباد منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں کریں اور اس متعلق سیکرٹری انفارمیشن سندھ کو بھی آگاہ کریں۔

متعلقہ: منشیات فروشوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ

انہوں نے سیکرٹری انفارميشن کو ہدایت کی کہ وہ چند روز میں منشیات کے خلاف اشتہار بھی شائع کروائیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پولیس افسران منشیات کے پکڑے گئے ملزمان سے اچھی طرح تفتیش کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیکریٹری ایکسائز اچھی شہرت کے حامل افسران پر مشتمل ٹاسک فورس بنائیں۔

گزشتہ ماہ سندھ حکومت نے محکمہ ایکسائز کے نارکوٹکس کنٹرول یونٹ کو مکمل فعال کرنے اور صوبے بھر میں آئندہ ہفتے سے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا تھا۔

شرجیل میمن نے اجلاس کی صدارت کے دوران اظہارِ خیال کیا تھا کہ تمام اقسام کی منشیات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، کراچی میں نارکوٹکس کنٹرول یونٹ کے 16 ٹیمیں فعال کی جائیں۔

اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں گے کیونکہ اس سے ہماری نسلیں تباہ ہو رہی ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی تھی کہ والدین جب بچوں کو اسکول بھیجیں تو ان پر بھی نظر رکھیں۔