کراچی: صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ کراچی روشنی کا شہر نہیں رہا، کچرے کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ سندھ کے عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت اپنا بجٹ کہاں استعمال کر رہی ہے؟
تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کراچی کے دورے کے موقع پر کہا کہ گندم اور آٹے کا بحران نہیں، صرف مافیا سرگرم تھا اس کو روکا ہے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ سندھ میں گندم کا بحران ان کی نالائقی ہے، کراچی روشنیوں کا شہر نہیں رہا، کچرے کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ سندھ کے عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت اپنا بجٹ کہاں استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور مشکلات ہیں گھبرانا نہیں ہے۔ سیاسی مخالفین کے لیے صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی فکر ہے تو یہاں آئیں باہر جا کر باتیں نہ کریں۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے دنیا کو بتایا بھارت کشیدگی پیدا کر رہا ہے، پاکستان امن چاہتا ہے کسی کی جنگ میں حصہ نہیں لے گا۔
گزشتہ روز شوکت یوسفزئی نے آٹے کے بحران سے متعلق کہا تھا کہ ملک میں آٹے کا بحران ایک سازش کا حصہ ہے، ذخیرہ اندوز ملک میں آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا تھا کہ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کی سازش ناکام بنا دی ہے، ذخیرہ اندوز مصنوعی بحران سے عوام میں بے چینی پھیلانا چاہتے تھے۔