ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا، شہباز گل

لاہور: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے پاکستان کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا ہے، دونوں جماعتوں نے خزانہ لوٹنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی تھی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے حکومت اور آئی ایم ایف معاہدے پر تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سابقہ ادوار کی تاریخ آئی ایم ایف کے ساتھ قرضوں کے معاہدوں سے بھری ہے۔

[bs-quote quote=”وزیراعظم کی قیادت میں ملک جلد قرضوں سے جان چھڑا کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا” style=”style-8″ align=”left” author_name=”شہباز گل”][/bs-quote]

شہباز گل نے کہا کہ مشرف حکومت کے اختتام پر پاکستان پر بیرونی قرضہ 45 ارب ڈالر تھا، پاکستان پر بیرونی قرضہ 2018 میں 94 ارب ڈالر تک پہنچ گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی، ن لیگ کی حکومتوں میں 50 ارب ڈالر تک قرضہ لیا گیا، یہ سارا قرضہ ان دونوں جماعتوں نے شعبدہ بازیوں، جیبیں بھرنے میں لگایا، اس بے پناہ قرض کا حساب مانگا جائے تو یہ شور مچانے لگتے ہیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کو اگلے تین سال میں 24 ارب ڈالر بیرونی قرضہ واپس کرنا ہے، آئی ایم ایف سے معاہدہ گزشتہ حکومتوں کے کرتوتوں کی وجہ سے کرنا پڑ رہا ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک جلد قرضوں سے جان چھڑا کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔