نگراں وزیراعظم کا تقرر : وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کل ہوگی

نگراں وزیراعظم تقرر

اسلام آباد : نگراں وزیراعظم کے تقرر پر مشاورت کے لئے وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کل ملاقات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد نگراں وزیراعظم کے تقرر کا عمل آٹھ دن میں مکمل کرنا ہوگا۔

نگراں وزیراعظم کے تقرر معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی ملاقات کل ہوگی ، جس میں نگراں وزیراعظم کیلئے 6 ناموں پر مشاورت کی جائے گی۔

نگران وزیراعظم کیلئے 3 نام وزیراعظم اور 3 اپوزیشن لیڈر دے گی ،3 دن میں اتفاق نہ ہونے پر معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔

پارلیمانی کمیٹی اسپیکر قومی اسمبلی قائم کریں گے ، کمیٹی کےپاس بھی نگران وزیر اعظم کےتقرر کیلئے3دن ہوں گے ، اگر پارلیمانی کمیٹی بھی فیصلہ نہ کر سکی تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا۔

الیکشن کمیشن2دن میں نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کرے گا ، قومی اسمبلی تحلیل کے بعد8روز میں نگراں وزیراعظم کا عمل مکمل کرنا ہو گا۔

نگراں وزیراعظم کے تقرر تک موجودہ وزیراعظم فرائض انجام دیتے رہیں گے۔