سانحہ ساہیوال: شہباز شریف کا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے استعفیٰ کا مطالبہ

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ساہیوال واقعے پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب، وفاقی وزرا نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ 72 گھنٹے میں آئے گی، ساہیوال واقعے پر جے آئی ٹی رپورٹ سامنے نہیں لائی گئی، افسران کو 72 گھنٹے میں علیحدہ کردیا گیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جے آئی ٹی نہیں بنائی بلکہ ہائیکورٹ کے جج پر مشتمل جوڈیشل کمیشن کا اسی رات اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر رانا ثنا اللہ اور ڈاکٹر توقیر نے 48 گھنٹے میں استعفے پیش کیے تھے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم ساہیوال واقعہ کی رپورٹ سے مطمئن ہیں، فواد چوہدری

شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیراعظم کی اجازت کے بغیر ایک کاغذ بھی نہیں ہلاسکتے، پنجاب کے وزرا واٹس ایپ پر وزیراعظم سے اجازت لیتے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے مطالبہ کیا کہ ساہیوال واقعے پر پہلے وزیراعطم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو استعفیٰ دینا چاہئے۔

قبل ازیں قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے ساہیوال واقعے پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی رپورٹ آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وزراء نے ساہیوال میں مرنے والے تمام افراد کو دہشت گرد کہا، وزراء اپنے اس موقف پر وضاحت پیش کریں اور معافی مانگیں۔