اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ الیکٹرک موٹرسائیکلز اور تھری ویلرز گاڑیوں کے فروغ کیلیے ترجیحی اقدامات کیے جائیں۔
الیکٹرک وہیکلز صنعت اور استعمال کی حوصلہ افزائی کیلیے پالیسی سازی و لائحہ عمل پر جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں الیکٹرک وہیکلز پالیسی 2025 کے مسودے پر گفتگو کی گئی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ کہ الیکٹرک موٹرسائیکلز اور تھری ویلرز گاڑیوں کیلیے چارجنگ اسٹیشنز اور بیٹری سیویپنگ اسٹیشنز کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں کمی پر اہم پیشرفت
انہوں نے کہا کہ ٹو اور تھری ویلرز گاڑیوں کی تیاری کی استعداد بڑھانے کیلیے صنعتوں کو سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے الیکٹرک وہیکلز پالیسی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بعد جلد کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب اور دیگر نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ اپریل میں نیپرا نے حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں کمی کی۔
نیپرا فیصلے کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کا بنیادی ٹیرف 23.57 روپے فی یونٹ مقرر کر دیا گیا، بنیادی ٹیرف 45.55 روپے سے کم کر کے 23.57 روپے فی یونٹ کرنے کی منظوری دی گئی۔
گاڑیوں کے الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کے بنیادی ٹیرف میں 21.98 روپے فی یونٹ کمی کی گئی، چارجنگ اسٹیشنز پر 24.44 روپے کیپڈ مارجن ہٹانے کی درخواست بھی منظور کر لی گئی۔
حکومتی درخواست کے مطابق مارجن کا تعین مارکیٹ پر چھوڑ دیا گیا، وفاقی حکومت نے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں کمی کی درخواست نیپرا میں جمع کروائی تھی۔