وزیر اعظم سے بلوچستان کے طالب علم اکرام اللہ کاکڑ کی ملاقات

شہباز شریف سے بلوچستان کے طالب علم اکرام اللہ کاکڑ کی ملاقات

اسلام آباد (10 اگست 2025): وزیر اعظم شہباز شریف سے بلوچستان کے طالب علم اکرام اللہ کاکڑ نے ملاقات کی ہے۔

طالب علم اکرام اللہ کاکڑ نے راولپنڈی بورڈ کے میٹرک امتحانات میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے 2022 میں دورہ قلعہ سیف اللہ پر ان کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔

ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ دورہ قلعہ سیف اللہ کے دوران اکرام اللہ کاکڑ سے امدادی خیمے میں ملاقات ہوئی تھی، ان کا خاندان سیلاب سے شدید متاثر ہوا تھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اکرام اللہ کاکڑ نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی، آج دیکھ کر خوشی ہوئی کہ وہ محنت سے اپنے اہداف کی طرف گامزن ہے۔

اس موقع پر اکرام اللہ کاکڑ نے وزیر اعظم سے کہا کہ میں نے محنت جاری رکھی اور آپ سے کیا وعدہ پورا کیا، سب کچھ آپ کی بدولت ممکن ہوا۔

طالب علم نے کہا کہ آپ سرپرستی نہ کرتے تو یہ کامیابی حاصل نہ ہوتی، آپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔