راولپنڈی: وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ کل آئینی تقاضے پورے کرتے ہوئے اقتدار نگراں حکومت کے حوالے کر دیں گے۔
جی ایچ کیو میں شہدا کے اہلخانہ اور غازیوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ کل ہماری حکومت کی مدت ختم ہو جائے گی اور اقتدار نگراں حکومت کے حوالے کریں گے، ہم سب نے مل کر پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرنا ہے، مربوط اور جامع پاکستان کی ترقی خوشحالی کا نظام وجود میں آ چکا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی ماہ سے دن رات محنت کی گئی، حکومت اور اداروں نے مل کر جامع نظام وضع کر دیا ہے، کل میں نے تیسری اور آخری میٹنگ کی تھی، ملک کی زراعت کو مل کر ترقی دینی ہے، ملک کے اندر معدنیات کے کھربوں ڈالر کے وسائل ہیں، معدنیات کے وسائل کو استعمال میں لانا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی کو تیزی سے آگے بڑھانے کا منصوبہ بنا چکے ہیں، دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کریں گے، دنیا اور خلیج ممالک سے یہاں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی۔
’اگر ہم دن رات محنت کریں گے تو کوئی پہاڑ رکاوٹ نہیں بن سکتا۔ میں سپہ سالار جنرل عاصم منیر اور پوری ٹیم کا شکر گزار ہوں۔ جیسے ہی انہوں نے منصب سنبھالا تو بتایا کہ یہ ہیں وہ پروگرام ہے جو ترقی اور خوشحالی کا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ قربانیوں کا سلسلہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک جاری ہے، 14 اگست کی آمد ہے اور قیام پاکستان کو 76 سال ہو چکے ہیں، دل ہلا دینے والی ویڈیوز دیکھی شہید کی بیوہ، بچے اور والد کس طرح پکار رہے تھے، آرمی ہماری محافظ ہے ہمیں فخر ہے آپ نے پاکستان کے امن کیلیے قربانیاں دی ہیں۔