دورہ چین سے دونوں ممالک کے درمیان تذویراتی تعلقات ہوں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دورہ چین سے دونوں ممالک کے درمیان تذویراتی تعلقات ہوں گے۔

چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کو انٹرویو میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دوست ملک چین کا دورہ کرنے والے دنیا کے پہلے رہنماؤں میں سے ایک ہوں، چین کے صدر، وزیر اعظم اور چینی قیادت سے بات چیت کا منتظر ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اقتصادی، سماجی اور ثقافتی شعبوں میں چین کی تیز رفتار ترقی کو سراہتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا: ’چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) اعلیٰ معیار کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے منصوبے نے پاکستان میں توانائی اور بنیادی ڈھانچے کو تبدیل کر دیا، اس منصوبے کے تحت سی پیک کے کردار کو وسعت دینے پر بھی بات کریں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت سڑکوں کے نیٹ ورک نے سفر کا وقت کم کر دیا ہے۔

انٹرویو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر چینی قیادت کا مشکور ہوں، چین نے سیلاب متاثرین کے لیے اشیائے خورد و نوش، ادویات، مچھر دانیاں اور دیگر چیزیں فراہم کیں۔