اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم کی زیرِ صدارت چینی کی قیمتوں سے متلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں اس کی کھپت و رسد اور موجودہ قیمتوں سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا گیا۔
چینی کی مصنوعی قلت کر کے قیمتیں بڑھانے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ چینی ذخیرہ اور قیمتوں پر سٹہ کھیل کر مصنوعی اضافے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔
انہوں نے چینی کی کھپت و رسد پر کڑی نظر رکھنے اور متعلقہ حکام کو شوگر ملوں سے کھپت و رسد کی نگرانی کیلیے روابط مربوط کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف چینی کی قیمت میں کمی کے لیے متحرک
شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں چینی کی وافر مقدار موجود ہے، مصنوعی طور پر بحران کی فضاء پیدا کرنے والوں کو شکنجے میں لایا جائے، رمضان میں عام آدمی کا مافیا کے ہاتھوں قطعاً استحصال نہیں ہونے دیں گے، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز مقررہ قیمت پر فراہمی یقینی بنائیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، رانا تنویر، احد چیمہ، علی پرویز ملک، معاون خصوصی ہارون اختر، متعلقہ اعلیٰ حکام اور چیف سیکریٹریز موجود تھے۔
ملک کے مختلف شہروں میں رمضان میں چینی کی قیمت کو پر لگ گئے، کوئٹہ میں چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت میں 15 روپے کا مزید اضافہ کر دیا گیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں چینی کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت میں 15 روپے کا مزید اضافہ ریکارڈ ہونے کے بعد 180 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی 175 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے، چینی کی فی کلو قیمت میں 2 روز کے دوران 25 روپے کا اضافہ ہوا، ریٹیل مارکیٹ میں دو روز قبل چینی 155 روپے میں فروخت کی جارہی تھی۔
لاہور میں ایک کلو چینی کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ایک کلو چینی 170 روپے ہوگئی، چینی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔
صدر کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ شوگر ملز اور ڈیلرز کارٹل کو توڑا نہیں جا سکا۔
پشاور میں بھی دس روپے کے اضافے کے بعد ایک کلو چینی 170 روپے کی ہوگئی، رمضان سے پہلے چینی 160 روپے کلو فروخت کی جا رہی تھی۔
کراچی میں رمضان سے قبل 145 روپے کلو میں فروخت ہونے والی چینی ہول سیل میں 168 اور ریٹیل میں 180 روپے کلو میں فروخت کی جارہی ہے۔