اسلام آباد (31 جولائی 2025): وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور امریکا کے درمیان ہونے والے تجارتی معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ تجارتی معاہدے کیلیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ رات واشنگٹن میں دونوں ممالک میں تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پایا، تاریخی تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے قائدانہ کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا، وزارت خزانہ
انہوں نے مزید کہا کہ تاریخی تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید بڑھائے گا۔
I wish to convey my profound thanks to President Trump @realDonaldTrump for his leadership role in finalization of the historic US-Pakistan trade agreement, successfully concluded by our two sides in Washington, last night.
This landmark deal will enhance our growing cooperation…— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 31, 2025
قبل ازیں وزارت خزانہ پاکستان کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اس تجارتی معاہدے کا مقصد دو طرفہ تجارت کا فروغ اور منڈیوں تک رسائی میں اضافہ ہے، سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی دل چسپی کے شعبوں میں تعاون بھی معاہدے کا حصہ ہے۔
معاہدے میں پیشرفت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، امریکی سیکریٹری کامرس اور یو ایس ٹی آر کی ملاقات میں ہوئی جس میں سیکریٹری کامرس جواد پال اور امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ بھی شریک تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے کا اعلان ٹرتھ سوشل پر پوسٹ کے ذریعے کیا۔
پاک امریکا تجارتی معاہدہ سے امریکا میں پاکستانی مصنوعات پر ٹیرف میں کمی متوقع ہے، اس سے توانائی، معدنیات، آئی ٹی، کرپٹو کرنسی سمیت اہم شعبوں میں باہمی اقتصادی تعاون بڑھے گا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ معاہدہ پاک امریکا تجارتی تعلقات کو امریکی ریاستوں تک وسعت دینے میں مدد دے گا، دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی منڈیوں تک بہتر رسائی حاصل ہوگی، اس سے پاکستان کے بنیادی انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں میں امریکی سرمایہ کاری کا بھی امکان ہے۔