ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان کی آئندہ ریلیز ہونے والی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی کو-اسٹار شہناز گل نے ان کا فون نمبر بلاک کرنے کی وجہ بتا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شہناز گل کی بگ باس 13 میں شرکت کے بعد سے سلمان خان کے ساتھ اچھی دوستی ہے۔ وہ ان کے ساتھ عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ میں مرکزی کردار نبھائیں گی۔
اداکارہ نے ایک مزاحیہ شو میں گفتگو کے دوران فلم کی آفر اور سلمان خان کا فون نمبر بلاک کرنے کے بارے میں بتایا جس پر ہر کوئی حیران رہ گیا۔
متعلقہ: سلمان خان کی شہناز گل کو نصیحت
وہ بتاتی ہیں کہ میں امرتسر کے ایک گرودوارے میں تھی جہاں میرے فون پر نامعلوم نمبر سے کال آئی اور میں نے اسے سنے بغیر ہی بلاک کر دیا، لیکن تھوڑی دیر بعد میسجر موصول ہوا کہ ’سلمان خان آپ کو کال کر رہے تھے۔‘
’میں پہلے تو حیران ہوئی اور پھر اپنی تسلی کے لیے ٹروکالر (Truecaller) پر نمبر ڈالا تو اس پر سلمان خان کا نام آیا۔ میں نے فوراً سے نمبر کو بلاک لسٹ سے ہٹا کر کال بیک کی اور پھر میری ان سے گفتگو ہوئی۔ انہوں نے مجھے فلم میں کردار کے لیے آفر دی جسے میں نے قبول کیا۔‘