بھارت اگرپاکستان کی طرف آیا توقہربن کرٹوٹ پڑیں گے‘‌‌ شیخ رشید

Sheikh Rasheed Ahmad

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کل کے جواب کے بعد بھارت کی ایئرفورس کوسانپ سونگھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق شیخ رشید احمد نے کہا کہ چینی سفیرسے ملاقات ہوئی وہ کشیدگی کم کرنے میں کافی پرامید ہیں، عالمی طاقتیں کشیدگی کم کرنے کے لیے پوری کوشش کررہی ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ آج خطرہ کم ہے، خطرہ زیادہ تھا اس لیےسمجھوتہ ایکسپریس نہیں چلائی، پیر سے سمجھوتہ ایکسپریس پھرچلے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پاک فضائیہ کا صلاحیتوں میں کوئی مقابلہ نہیں ہے، کل کے جواب کے بعد بھارت کی ایئرفورس کوسانپ سونگھ گیا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارت کوواضح پیغام ہے ہم جنگ نہیں چاہتے، ہمیں کشیدگی کم کرنی چاہیے، وزیراعظم نے پھرکہا تحقیقات کے لیے تیارہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرجنگ ہوئی تو یہ آخری جنگ ہوگی، خونی اورہولناک ہوگی، جنگ کی صورت میں تاریخ کا دھاوا اوردائرہ بدل جائے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ بھارت کی لڑائی بھارتی میڈیا لڑرہی ہے، بھارتی میڈیا کی کوشش ہے بس کسی طرح جنگ ہوجائے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ کل کے واقعے کے بعد بھارتی اینکرزکا مورال ڈاؤن ہے، بھارت اگر پاکستان کی طرف آیا توقہربن کرٹوٹ پڑیں گے۔

پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی طیارے مارگرائے، آئی ایس پی آر

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے 2 طیارے مار گرائے تھے جبکہ ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں کو پاکستانی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا، ایک بھارتی طیارہ آزاد جموں کشمیر اور دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بھارت کے طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جس پر پاکستانی طیاروں نے بروقت ردعمل دیا تو بھارتی طیارے اپنا پے لوڈ لائن آف کنٹرول کے علاقے جبہ میں گراتے ہوئے فرار ہوگئے تھے۔