ایم ایل ون کا پی سی ون پلاننگ منسٹری میں دے دیا گیا ہے، شیخ رشید

اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایم ایل ون کا پی سی ون پلاننگ منسٹری میں دے دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ پی سی ون پاکستان کی تاریخ کا بہت بڑا معرکہ ہے، پی سی ون 1800 کلو میٹر کا ٹریک 9.23 بلین ڈالر کا ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ کل پانچ بجے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی اور حکومتی کمیٹی کی ملاقات ہے، اپوزیشن سے ملاقات کے بعد حکومت کے لائحہ عمل کا فیصلہ ہوگا۔

شیخ رشید نے کہا کہ ابھی واضح نہیں ہے کہ پریڈ گراؤنڈ میں اپوزیشن کو مارچ کی اجازت ملے گی یا نہیں۔

مزید پڑھیں: ریلوے میں انقلابی قدم اٹھانے جا رہے ہیں، شیخ رشید

انہوں نے رائے ونڈ اجتماع کے حوالے سے کہا کہ یکم تاریخ کو رائے ونڈ میں بھی اجتماع ہے، کے پی سے لوگ 31 تاریخ کو نکلنا شروع ہوں گے۔

واضح رہے کہ شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

شیخ رشید نے وزارت ریلوے کی کارکردگی پر وزیراعظم کو بریفنگ دی، عمران خان نے وزارت ریلوے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون کو سی پیک میں بہت اہمیت حاصل ہے، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی سی ون کا پیکیج پلاننگ کمیشن کو بھجوادیا ہے، ایم ایل ون پر کام جلد شروع کیا جارہا ہے۔

وزیر ریلوے کے مطابق وزیراعظم نے نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعا کی، وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کو پاکستان میں میسر تمام سہولتیں مہیا کی جائیں۔