عمران خان اورجنرل باجوہ کی قیادت میں مسئلہ کشمیر آگےجائےگا اورکشمیر آزاد ہوگا، شیخ رشید

لاہور : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ سلامتی کونسل میں 52 سال بعد کشمیر کا مسئلہ عمران خان لے کر گئے، عمران خان اور جنرل باجوہ کی قیادت میں مسئلہ کشمیر آگے جائے گا اور کشمیر آزاد ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا عمران خان ایم ایل اے ون کے ساتھ ہیں، نو یا دس اکتوبر کو چین جائیں گے، ریلوے معیشت کے لیے شریان کی حیثیت رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کے پروپیگنڈے کا مقصد کچھ اور ہے، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن ان کے ساتھ نہیں چلے گی، پیپلزپارٹی مذہب کارڈ استعمال کرنے پر مولانا کے ساتھ نہیں اور نہ ن لیگ کسی مذہبی کارڈ کے استعمال میں شامل ہوگی۔

مولانا فضل الرحمن ناموس رسالت پر لوگوں کو اکٹھا کر رہے ہیں

شیخ رشید نے کہا اسلام آباد بند ہونے نہیں جارہا، پی ٹی آئی حکومت کیخلاف زہریلا پروپیگنڈا ہورہاہے، ہم ناموس رسالت کے سپاہی ہیں، جیلیں بھی کاٹی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل میں 52سال بعد کشمیرکا مسئلہ عمران خان لے کرگئے، عمران خان کشمیر کے مظلوموں کے لئے اپنا کیس ستائیس ستمبر کو اقوام متحدہ میں لڑنے جا رہے ہیں ، کشمیر کے اندر سے تحریک اٹھے گی اور پتھراستعمال کرنے والے اب کچھ اور استعمال کریں گے۔

کشمیر کے اندر سے تحریک اٹھے گی اور پتھراستعمال کرنے والے اب کچھ اور استعمال کریں گے

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کشمیری زندہ قوم ہے،انہیں پتہ ہےکیا قدم اٹھاناہے، ٹرمپ دونوں طرف کھیلے، سپر پاور ہمیشہ اپنا مفاد دیکھتی ہے، پاک فوج کے جوان وطن عزیز کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان اور جنرل باجوہ کی قیادت میں مسئلہ کشمیر آگے جائے گا اور کشمیر آزاد ہو گا، جنگ کا فیصلہ قمر باجوہ اور عمران خان نے کرنا ہے لیکن جنگ ہوتے ہوئے نہیں دیکھ رہا، اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو پاک فوج ٹارگٹ کے ساتھ تیار ہے۔

جنگ کا فیصلہ قمر باجوہ اور عمران خان نے کرنا ہے

انھوں نے کہا ہٹلر نے پوری فوج و قوم کو تباہ و برباد کردیا تھا،مودی وہی کرے گا، پوری قوم آرمی چیف کے فیصلے کے پیچھے کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ایران کے روحانی پیشوا سے ملاقات ہو گی، ہم امن چاہتے ہیں، اگر جنگ ہوتی ہے تو پورا خطہ لپیٹ میں آ جائے گا۔

ہم امن چاہتے ہیں، اگر جنگ ہوتی ہے تو پورا خطہ لپیٹ میں آ جائے گا

شیخ رشید نے کہا بھمبر پر کھڑے ہو کر کل کشمیریوں کو پیغام دوں گا اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کل تتہ پانی، چکوٹھی اور راولا کوٹ جاؤں گا۔

افغانستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ افغان امن کے لئے پاکستان ہرممکن تعاون کررہاہے، نوازشریف نے مودی سے جو کابل میں بات کی وہ جاتی امرا میں بھی کی۔

سی پیک پیک ہونے کا پراپیگنڈہ غلط ہے

وفاقی وزیر نے کہا سی پیک پیک ہونے کا پراپیگنڈہ غلط ہے، چین کے ساتھ دوستی سمندر سے گہری ، ہمالیہ سے بلند ہے، حکومت کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا ممبر نہیں، عمران خان کے ساتھ سائے کی طرح ہوں، موجودہ حکومت کے جتنے ترجمان ہیں اتنے زندگی میں نہیں دیکھے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ جنہوں نے پاکستان کا مال کھایا ہے وہ لندن سے بھی گرفتار ہوسکتے ہیں، شہبازشریف کی سیاست امتحان میں ہے، وہ مذاکرات کو کامیاب کرانے کے بڑے حامی ہیں، شہباز شریف میری پارٹی کا آدمی ہے، اس میں لچک ہے۔

لندن سےبیٹھ کرکالیں کرنےوالےلندن میں گرفتاربھی ہوسکتےہیں

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ نواز شریف ضدی ہیں، بہت سارے مسئلے خراب کرتے ہیں، آصف زرداری کی ٹیم نے پیسے دینے شروع کر دیئے ہیں، نوازشریف کنجوس اور زرداری کھلے دل کا آدمی ہے۔

نوازشریف کنجوس اور زرداری کھلے دل کا آدمی ہے

شیخ رشید نے کہا فضل الرحمٰان کو گرم جگہ پر پاؤں نہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے، لاہورمیں کل بینرز دیکھے، وہ بری طرح ضائع ہو جائیں گے، پیغام بھجوایا مولانا ہم مدرسوں کو دین کا مینار سمجھتے ہیں، دنیا میں الزام لگ رہے ہیں کہ ہم دہشت گرد ہیں، وزیراعظم عمران خان نے کہا ایسا کوئی الزام نہیں لگنا چاہیے۔

فضل الرحمٰان کو گرم جگہ پر پاؤں نہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تاجروں سے بات چیت کرنی چاہیے، ان کیلئے ماحول بنانا چاہیے، ایف بی آر کے چیئرمین سے کہوں گا تاجروں کو آن بورڈ کریں۔

انھوں نے کہا کہ عبدالغفور حیدری کے ذریعے مولانا فضل الرحمان کو پیغام بھجوایا، مولانا سیاست جاری رکھیں، جو سوچ رہے ہیں، وہ کیا تو ضائع ہو جائیں گے، مولانا کے ساتھ کوئی اپوزیشن جماعت کھڑی نہیں ہوگی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ والدہ کے جنازے کے لئے میرا پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیا گیا، کسی نے 2 ماہ سے سنا نواز شریف کی صحت خراب ہے، باہر جانے دو؟

صحافی نے شیخ رشید سے سوال کیا بلاول بھٹو کا آج برتھ ڈے ہے ؟ تو شیخ رشید نے جواب میں کہا ہپی برتھ ڈے مائی لو۔