23 اور 30 مارچ کے دوران وی آئی پی ٹرینیں چلیں گی: شیخ رشید

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنانا بہت بڑی غلطی ہے، مزید 6 ٹرینیں چلانے جا رہے ہیں۔ 23 اور 30 مارچ کے دوران وی آئی پی ٹرینیں چلیں گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس کوئی ٹرین خالی نہیں ہے، ہم مزید 6 ٹرینیں چلانے جا رہے ہیں۔ 23 اور 30 مارچ کے دوران وی آئی پی ٹرینیں چلیں گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک دیوالیہ ہونے جا رہا تھا، وزیر اعظم عمران خان نے بچا لیا، شرائط کم کرنے میں بھی عمران خان نے کردار ادا کیا۔ چین، قطر اور سعودی عرب نے ہمارا ساتھ دیا، سعودی عرب سے اتنی بڑی سرمایہ کاری ہوگی لوگ حیران ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنانا ایک بہت بڑی غلطی ہے، اب کرمنل لوگوں کا احتساب کریں گے؟ عجیب تماشہ ہے، بلے کو دودھ کی رکھوالی پر بٹھا دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئی اور نہیں جس نے میری طرح 8 کمیٹیوں کو چیئر کیا ہو، شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنانے والے عمر بھر پچھتائیں گے، میں عمران خان کو جانتاہوں، ان کے ہاں این آر او کی گنجائش نہیں، ’میں شہباز شریف کو کرپشن کیسز میں نواز شریف سے زیادہ ملوث دیکھتا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب سے درخواست ہے انجنوں کے معاملے کو دیکھیں، ایک مثال بتائیں جن پر 8، 8 کیس ہوں اور وہ اسمبلی میں پالیسی بیان دے۔ اخلاقی جواز نہیں بنتا تھا شہباز شریف کو پی اے سی کا ممبر بنانے کا، کل چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ صاحب کو خط لکھوں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ سرکلر ریلوے کے لیے جتنی زمین خالی کروا سکتے ہیں کروائی ہے، سندھ حکومت ہمارا ساتھ دے باقی زمین بھی خالی کروائیں گے۔ ہمارے کیے ہوئے سروے پر ان لوگوں نے اپنی مہریں لگالیں، میں سرکلر ریلوے کے لیے چوروں کے پاس بھی جانے کو تیار ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ ساہیوال میں کوئی پیچھے نہیں رہا، جس عمران خان کو میں جانتا ہوں وہ مجرموں کو نہیں چھوڑے گا۔ آصف زرداری کو اللہ نہ بچائے تو کوئی مخلوق نہیں بچا سکتی۔