لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے فرماں روا آئیں گے تو سب کو سرمایہ کاری کا پتہ چلے گا، میں مستقبل میں امریکی صدر کو پاکستان کا دورہ کرتا دیکھ رہا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کی مہم اور خوش اخلاقی کی مہم چلا رہے ہیں، اسلام آباد میں مرکز شکایات کھول رہے ہیں۔ ہم نے مزید 20 ٹرینیں چلانی ہیں۔ تمام اسٹیشن پر واٹر فلٹر پلانٹ لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 25 جنوری کو مال گاڑی کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔ 2 نئی مال گاڑیاں چلا رہے ہیں۔ اپنے وسائل میں رہتے ہوئے اقدامات کر رہے ہیں۔ عمران خان کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے فرماں روا آئیں گے تو سب کو سرمایہ کاری کا پتہ چلے گا، میں تو مستقبل میں امریکی صدر کو پاکستان کا دورہ کرتا دیکھ رہا ہوں۔ دوست ممالک سے فنڈز لینے پر وہ شرائط نہیں ہوں گی جو آئی ایم ایف کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس 6 ماہ کی درآمدات کے لیے ذخائر موجود ہیں۔ تمام ادارے اور قوم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ زرداری صاحب کا بہی کھاتہ کھلا ہے، انہیں رات کو نیند کیسے آتی ہوگی، بلاول کو پیغام بھیجا ہے بھٹو بنو زرداری مت بنو۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو بلاول کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے، شریف اور زرداری خاندان کا کوئی فیوچر نہیں، شہباز شریف جتنی بھی کوشش کرلیں این آر او نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کی ملک میں کوئی گنجائش نہیں، کرپٹ لوگوں کو پذیرائی ملی تو جمہوریت کو خطرات لاحق ہوں گے، کرپشن کو پھر پذیرائی ملی تو جمہوریت کو شدید نقصان ہوگا۔ منی بجٹ سے عام آدمی کو نقصان نہیں ہوگا۔