شیخ رشید کا ریلوے پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا اعلان

Sheikh Rasheed

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں کہا کہ رائل پام کا قبضہ سپریم کورٹ کے پاس ہے، فرگوسن کو نکال دیا گیا ہے۔ رائل پام کا 2014 سے کوئی آڈٹ نہیں کیا گیا۔ خوشی ہے سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا ریلوے کیسز جلد نمٹائیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کچھ کمپنیوں کے ذمے 300 ارب روپے ہیں اس پر عدالت جا رہے ہیں، کرپشن کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات کر رہے ہیں۔ ریلوے پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں ماہ ریلوے انجنز پر ٹریکر لگ جائیں گے، چاہیں گے اسی ماہ افتتاح ہوجائے، ریلوے کا کوئی انجن نہیں خریدا گیا، رواں سال 20 مزید ٹرینیں چلائیں گے۔ ریلوے کی زمینیں 5 سال تک کی لیز کے لیے دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 20 ٹرینوں میں سے 2 وی وی آئی پی ٹرین شامل ہوں گی، وی وی آئی پی ٹرینوں میں تمام سہولتیں ہوں گی، فائیو اسٹار کھانا دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے ریڈیو پاکستان ریلوے کا اجرا کرنے جارہا ہے، ریڈیو پاکستان ریلوے کا ہیڈ کوارٹر لاہور میں ہوگا۔ اس سال کے آخر تک 20 نئی ٹرینیں چلانے کا ہدف ہے۔