لاہور: سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگر الیکشن ہوئے تو یہ پاکستان کی تاریخ کے مہنگے ترین الیکشن ہونگے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ‘دی رپورٹرز’ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے پی ڈی ایم کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ اطلاع ملی ہے کہ پی ڈی ایم عدالتی فیصلے پر نظرثانی درخواست کا سوچ رہی ہے، اب انہوں نےگند ڈالنےکی کوشش کرنی ہےاور یہ ان کے منہ پرپڑے گا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم الیکشن سےبھاگتی ہوئی نظرآرہی ہے،یہ انتخابات نہیں چاہتے،کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ ان کی سیاست دفن ہوگئی ہے، انہیں عمران خان کا خوف ہے ، خان کے ساتھ پاکستانی کی عوام کھڑی ہوچکی ہے ،الیکشن میں لوگ ان کی پرچی بھی لےلیں گے لیکن ووٹ عمران خان کو ہی ڈالیں گے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو دھیان میں رکھنا چاہیے کہ ابھی نیب کے کیس ختم نہیں ہوئے وہ عدالتوں میں ہیں، عدالتی فیصلے کے بعد ججز کے خلاف جس قسم کی زبان استعمال کی جارہی ہے کیا یہ درست ہے؟ ہم اگر اس قسم کی زبان استعمال کرتےتو اب تک سیکڑوں کیسز ہوچکے ہوتے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید پہلے ہی خبردار کرچکے ہیں کہ سپریم کورٹ کےفیصلے پر عمل نہ ہوا تو یہ ریاست میں بغاوت کے مترادف ہوگا۔