اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اعتراف کے بعد نواز شریف کا کھیل ختم ہوچکا ہے، جو جے آئی ٹی کو گالیاں دے رہے ہیں وہ عدلیہ کو گالیاں دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روزسماعت میں وزیراعظم کے وکیل نے اقامے کا اعتراف کرلیا، اعتراف کے بعد نواز شریف کا کھیل ختم ہوچکاہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ججز نے کہا آج بھی کوئی منی ٹریل ہے تو لے آئیں، اب باہر آکر لڑائی جھگڑے کا کوئی فائدہ نہیں ہے ، یہ اب نہیں کہتے والیم 10 کھولو، کھیل بھی 2ہفتے کا رہ گیا ہے، جو جے آئی ٹی کو گالیاں دے رہے ہیں وہ عدلیہ کو گالیاں دے رہے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ابھی تک جے آئی ٹی رپورٹ کے خلاف ایک دستاویزنہیں دی گئی، نوازشریف کےپاس استعفیٰ دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں، شریف خاندان کے پاس کچھ ہے ہی نہیں تو کیا پیش کریں گے، قدرت کی طرف سے پکڑہو جائے تو ہاتھ پاؤں مارنے کا فائدہ نہیں، ہل میٹل سے بچوں اور بڑوں کو اربوں کروڑوں روپے جارہے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ نواز شریف ملک و قوم کی اس سے زیادہ بے عزتی نہیں کرواسکتے ، نوازشریف ڈبو گے تو نااہل بھی ہوگے اور جیل بھی جاؤ گے، مجھے لگتا ہے جمعے تک کیس کا فیصلہ ہوجائےگا، مطمئن ہوں نااہلی بھی ہوگی اور ٹرائل بھی ہوگا، کل اورپرسوں بہت اہم ہیں، مجھے یہ لوگ نااہل ہوتے نظر آرہےہیں۔