’اقتدار سے اترتے ہی شہباز شریف اور زرداری بیمار ہو جاتے ہیں‘

پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جب بھی اقتدار سے اترتے ہیں تو شہباز شریف اور آصف زرداری بیمار ہو جاتے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ملکی سیاسی صورتحال اور بجٹ کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کیا ہے جس میں انہوں نے پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت پر کڑی تنقید بھی کی ہے۔

سینیئر سیاستدان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ اقتدار سے اترتے ہی شہباز شریف اور زرداری بیمار ہوجاتے ہیں۔ بجٹ کے اعداد وشمار حائق کے بالکل برعکس ہیں۔ تارکین وطن کو ڈرانے دھمکانے سے ترسیلات زر مزید کم ہوں گی۔

 

ان کا کہنا تھا کہ آٹا، دال، چینی، بجلی، گیس کا بل لوگ دیکھ سکتے ہیں خرید نہیں سکتے، عوام کو 2 وقت کی روٹی نہیں مل رہی اور اب وہ حکمرانوں کی باتوں میں نہیں آ رہے، بریانی والی جلسیاں بے نتیجہ ثابت ہوں گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ آئی ایم ایف معاملے پر حکومت یکسو نہیں ہے۔ وزرا کہتے ہیں کہ امریکا مخالف بیانیے کی وجہ سے آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہو رہا ہے، وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف سیاست کر رہا ہے جب کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ اس مہینے میں معاہدہ ہو جائے گا اگر نہ ہوا تو قوم کو اعتماد میں لیں گے۔