’علی بلال کی شہادت کا مقدمہ مستقبل میں نگراں حکومت کے گلے پڑے گا‘

مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکن علی بلال کی شہادت کا مقدمہ مستقبل میں نگراں حکومت کے گلے پڑے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن علی بلال کی شہادت کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جو مستقبل میں نگراں حکومت کے گلے پڑے گا۔

سینیئر سیاستدان نے مزید کہا کہ اپنے قوم زندگی اورموت کی کشمکش میں ہے جب کہ حکمرانوں کو ریاست کی نہیں اپنی سیاست کی فکر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کا نام ہی ریاست اور انتخاب ہی ملک کی بقا ہے۔ حکومت اپنے مفاد کے بجائے قومی مفاد اور استحکام کا سوچے۔

شیخ رشید نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ نگران حکومت پی ڈی ایم کی بی ٹیم ہے۔ لاہور میں جو تشدد ہوا یہ اس کا دفاع کرتے رہے۔ پاکستان میں اس سے قبل کوئی دفعہ 144 ایسی خونی نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کارکن علی بلال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ خیبرپختونخوا کے گورنر کو ریاست کا نمائندہ بننا چاہیے، مولانا فضل الرحمٰن نہیں۔ پاکستان کو ایشیا پیسیفک اور انڈو پیسیفک کے درمیان سینڈوچ بنایا جا رہا ہے۔