جمعے کے دن مبارک فیصلے پر پوری قوم مبارکباد پیش کرتی ہے، شیخ رشید

پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جمعے کے دن مبارک فیصلہ دیا پوری قوم مبارک باد پیش کرتی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے پنجاب کے پی الیکشن فنڈز کیس کی ان چیمبر سماعت میں اسٹیٹ بینک کو انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے کے فنڈز فراہم کرنے کے حکم پر پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے مبارک فیصلہ قرار دیا ہے۔

شیخ رشید نے ٹوئٹر پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ آج عدلیہ نے اسٹیٹ بینک کو 21ارب روپے جاری کرنے کا حکم دیا۔ یہ جمعے کے دن عدالت عظمیٰ کی جانب سے دیا گیا مبارک فیصلہ ہے جس پر قوم مبارک باد پیش کرتی ہے۔

سینیئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ آئین و قانون کی فتح ہی ملک کی فتح ہے۔ لوگ عدلیہ، آئین اور قانون کے ساتھ کھڑے ہیں، اب جو عدلیہ سے ٹکرائے گا وہ پاش پاش ہو جائے گا۔ تاریخ بتائے گی کہ عدلیہ جیتے گی اور ان کو شکست ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا اسٹیٹ بینک کو انتخابات کیلیے فنڈز جاری کرنے کا حکم

انہوں نے کہا کہ مفاد پرست، منی لانڈر، کرپٹ لوگ سول نافرمانی کا ماحول بنا رہے ہیں۔ آئین نے لوگوں کوحق دیا کہ وہ اپنے نمائندے کو منتخب کریں اور آج کا فیصلہ عدلیہ کی جیت ہے۔ عدلیہ آئین و قانون کا جھنڈا بلند کرے گی جب کہ چور، ڈاکو، آئین وقانون دشمن اور چابی کے کھلونے سب شکست کھائیں گے۔