پاکستان کی سرحدوں کی طرف دیکھنےوالوں کی آنکھیں نکال دیں گے ، شیخ رشید

لودھراں : وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا پاکستان کی سرحدوں کی طرف دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے، پاکستان کے 24کروڑ عوام ملک کے دفاع کے لیے تیارہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے لودھراں جنکشن پرخطاب کرتے ہوئے کہا معاشی ترقی کیلئےریل کا پہیہ چلنا چاہیے، پاکستان کی سرحدوں کی طرف دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت ایک قدم بھی آگے بڑھا تو اسے نیست ونابود کر دیں گے، پاکستان کے 24 کروڑ عوام ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔

یاد رہے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ عمران خان نے آج کے دن کو پاک فوج اورکشمیریوں کےنام کیا وزیراعظم اور آرمی چیف کی قیادت میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

مزید پڑھیں : عمران خان اورآرمی چیف کی قیادت میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ  مودی نے جوکام کیا اس نے بڑی غلطی کردی اب کشمیر آزاد ہوگا، کشمیریوں پر72 سال سے ہندوستان بربریت کررہا ہے، آج ہم نے کوئی کوتائی کی تو کشمیری ہمیں معاف نہیں کریں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ مودی عالمی دہشت گرد اورکشمیریوں کی نسل کشی میں ملوث ہے، کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر پاکستان اور بھارت میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔

خیال رہے ملک بھر میں یوم دفاع یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے ساتھ ساتھ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔