اسلام آباد: سیکریٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شیخ وقاص اکرم نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیان پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کر دیا۔
ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کل جو گفتگو کی اس سے عوام کو تشویش ہے، انہوں نے دھمکی آمیز زبان اور قابل مذمت گفتگو کی، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جیل میں سفاکانہ سلوک ہو رہا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بیان سے ثابت ہے کہ یہ لوگ بانی پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، وزیر آباد میں بانی پر جب حملہ ہوا تو ایسی ہی گفتگو مریم نواز و دیگر نے کی تھی، اسلام آباد میں خیبر پختونخوا ہاؤس پر حملہ ہوا تو 3 دن پہلے ہی حکومتی وزرا بیانات دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بانی کی زندگی کو تھوڑا سا بھی نقصان پہنچا تو یہ لوگ ذمہ دار ہوں گے، الیکشن میں لوگ نکلے اور لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ کیا، پی ٹی آئی کی سیاست ختم ہو رہی ہوتی تو آپ لوگوں کو آئینی ترمیم کیلیے لوگوں کو خریدنا نہ پڑتا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بانی کا مقابلہ نہیں کر سکتے اس لیے بیان بازی کرتے ہیں، ان لوگوں کو اللہ کا خوف نہیں ان کو عوام کو بھی جواب دینا پڑے گا۔
شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ مریم نواز کے بیانات کے بعد ہم نے لیگل ٹیم سے بات کی ہے، میں ان کو یہی کہوں گا کہ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے، پنجاب حکومت کی ناکامیوں کی لمبی کہانی ہے، صوبائی حکومت نے کچھ کیا ہے تو صرف پی ٹی آئی جلسے روکنے کیلیے رکاوٹیں کھڑی کیں۔