تقسیمِ ہند کے بعد ابتدائی برسوں میں جہاں پاکستانی فلم انڈسٹری میں شان دار کام ہوا اور معیاری فلمیں بنائی گئیں، وہیں اس دور میں سرحد پار سے بھی فن کاروں کو پاکستانی فلموں میں کام کرنے اک موقع ملا اور انھوں نے فلم بینوں کی توجہ حاصل کی۔ ممبئی کی فلم انڈسٹری کی ایک اداکارہ شیلا رامانی بھی انہی میں سے ایک تھیں۔
وہ لوگ جو زندگی کی ساٹھ سے زائد بہاریں دیکھ چکے ہیں، اور سنیما کے شوقین رہے ہیں، انھوں نے شیلا رامانی کی وہ پاکستانی فلم ضرور دیکھی ہوگی جس کا یہ گیت بہت مقبول ہوا، ’’گاڑی کو چلانا بابو ذرا ہلکے ہلکے ہلکے، کہیں دل کا جام نہ چھلکے…‘‘ یہ فلم ’’انوکھی‘‘ کا گیت تھا۔ اس کے ہدایت کار شاہ نواز تھے۔ فلم کی ہیروئن شیلا رامانی تھیں۔ وہ تقسیم ہند سے قبل صوبۂ سندھ کے ایک شہر میں پیدا ہوئیں، اور بعد میں ہجرت کرکے بھارت چلی گئی تھیں جہاں وہ ممبئی کی فلم نگری سے وابستہ رہیں۔ فلم انوکھی میں شیلا رامانی کے مدمقابل اداکار شاد نے کام کیا تھا۔ اس فلم کے لیے شیلا رامانی کو خصوصی طور پر بمبئی سے مدعو کیا گیا تھا۔ یہ 1956 میں نمائش کے لیے پیش کی گئی جس میں شیلا رامانی نے بلاشبہ عمدہ کام کیا۔ تاہم فلم باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی۔
شیلا رامانی 2015ء میں آج ہی کے دن وفات پاگئی تھیں۔ 2 مارچ 1932ء کو پیدا ہونے والی شیلا رامانی کو چیتن آنند نے بولی وڈ میں متعارف کرایا تھا۔ 1954ء میں اداکارہ کی فلم ٹیکسی ڈرائیور ریلیز ہوئی تو انھیں بڑے پردے کے شائقین نے بہت سراہا۔ شیلا رامانی کی ایک سندھی فلم ابانا ان کے کیریئر میں شان دار اضافہ ثابت ہوئی۔ اداکارہ نے زیادہ تر فلموں میں امیر گھرانے کی لڑکی کا کردار نبھایا۔ شادی کے بعد شیلا رامانی امریکا منتقل ہوگئی تھیں۔ تاہم ان کی زندگی کے آخری ایّام مدھیہ پردیش میں گزرے۔
اداکارہ نے بمبئی کی فلم انڈسٹری سے وابستگی کے دوران ٹیکسی ڈرائیور، سرنگ، ریلوے پلیٹ فارم، مینار، جنگل کنگ، آوارہ لڑکی اور دیگر فلموں میں کام کیا۔