شیر افضل مروت کو پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت

شیر افضل مروت

اسلام آباد: پیپلزپارٹی رہنما مخدوم جمیل الزماں نے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی رہنما مخدوم جمیل الزماں نے کہا کہ بلاول بھٹو اپنی قیادت میں پاکستان کو ایک جدید  ملک بنانے کے لیے پرعزم ہیں، ہم شیر افضل مروت کو اپنی جماعت میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت پیپلزپارٹی میں شامل ہوں تاکہ مل کر قوم کی خدمت کریں۔

ترجمان پیپلزپارٹی کا بتانا ہے کہ مخدوم جمیل الزماں جلد اسلام آباد پہنچ کر شیر افضل مروت سے ملاقات بھی کریں گے اور بضابطہ طور پر انہیں پی پی میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے شیرافضل کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جعلی قرار دے دیا تھا۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ میں بطورپارٹی  چیئرمین ایسے کسی اقدام کی منظوری نہیں دوں گا، اگرکسی نے ذاتی حیثیت میں فیصلہ کیا ہےتو بھی منظورنہیں۔

تاہم  کور کمیٹی کے ارکان نے نوٹی فکیشن درست قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پارٹی رکنیت ختم کرنے کا اعلامیہ فردوس شمیم نقوی کے دستخط سے جاری ہوا۔

شیرافضل  نے بھی ردعمل میں کہا تھا پارٹی فیصلے کا احترام کرتاہوں افسوس رہے گا مجھے باضابطہ سنے بغیر یکطرفہ فیصلہ کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کا سپاہی تھا، ہوں اور رہوں گا۔