اسلام آباد : سینیٹ سیکرٹریٹ نے سینیٹ سے شبلی فراز کی نااہلی اورفارغ کئے جانے کے باوجود انکوائری کمیٹی میں شامل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ سیکرٹریٹ نے ایک حیران کن اقدام کرتے ہوئے سابق سینیٹر شبلی فراز کو نااہلی اور رکنیت ختم ہونے کے باوجود انکوائری کمیٹی کا حصہ بنا دیا۔
7 اگست کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں شبلی فراز سمیت دیگر اراکین کو ایک 5 رکنی انکوائری کمیٹی میں شامل کیا گیا، کمیٹی جوائنٹ سیکرٹری کےخلاف ویزاکیس کی انکوائری کے لیے تشکیل دی گئی ہے
کمیٹی کی سربراہی سینیٹر سلیم مانڈوی والا کر رہے ہیں جبکہ دیگر اراکین میں انوشہ رحمان، ثمینہ ممتاز زہری اور محمد اعظم شامل ہیں۔
مزید پڑھیں : قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سمیت پی ٹی آئی منتخب نمائندے نا اہل قرار
سیاسی و پارلیمانی حلقوں میں اس فیصلے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ ایک غیر فعال رکن کو کیسے باضابطہ طور پر کمیٹی میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔
یاد رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 9 مئی کے فسادات کے مقدمات میں سزا سنائے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قانون سازوں بشمول قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کو نااہل قرار دے دیا تھا۔