’جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر ن لیگ ڈکٹیٹر شپ کررہی ہے‘

شبلی فراز

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر مسلم لیگ ن ڈکٹیٹر شپ کررہی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ عطا تارڑ کی باتوں سے سمجھ میں آیا کہ چھوٹا منہ اور بڑی بات کہہ دی۔

شبلی فراز نے کہا کہ کسی جماعت پر پابندی لگانے کا فیصلہ بچوں کا کھیل نہیں، عطا تارڑ نے جو بڑی بڑی باتیں کی ہیں یہ انہیں زیب نہیں دیتیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ہمیشہ فکس میچ کھیلنےکےعادی رہے ہیں، یہ لوگ بس وہ عدالتی فیصلے پسند کرتے ہیں جو ان کے حق میں ہوں، انہیں کبھی بانی پی ٹی آئی جیسا لیڈر ملا نہیں تھا، وہ عوام اور جمہوریت کی بات کرتے ہیں، دوسری جماعتیں ہمارا سیاسی مقابلہ نہیں کرسکیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ آج کی حکومتی ترجمان کی پریس کانفرنس شکست کا اعتراف ہے، بانی پی ٹی آئی بھی ڈیل کرسکتے تھے لیکن عوام کے لیے جیل میں ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم نہیں کہتے ہمارے کیسز ختم کریں، کہتے ہیں انصاف کریں، اللہ کا شکر ہے ہمارے کیسز ایک ایک کرکے میرٹ پر ختم ہورہے ہیں۔

ان کا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک کی بڑی جماعت اور بانی پی ٹی آئی ملک کے بڑے لیڈر ہیں، ایک طرف کہتے ہیں ملک میں معاشی استحکام سیاسی استحکام کے بغیر ممکن نہیں لیکن جو اقدامات اٹھا رہے ہیں اس سے سیاسی عدم استحکام مزید بڑھے گا۔

شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی عوام کی نمائندگی کرتی ہے چاہتے ہیں ملک میں سیاسی استحکام آئے، عوام کی نمائندگی کرنے والی جماعت اپنی سیاست جاری رکھے گی، ہمیں عوام نے مینڈیٹ دیا ہے اور ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔