شلپا شیٹی اور راج کندرا میں طلاق ہوگئی؟

شلپا شیٹی اور راج کندرا میں طلاق ہوگئی؟

ممبئی: معروف بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا نے سوشل میڈیا پر ’علیحدگی‘ سے متعلق پوسٹ کر کے اہلیہ کے مداحوں کو تذبذب کا شکار کر دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق راج کندرا فحش فلمیں بنانے کے کیس میں خبروں کی زینت بنے تھے اور اب انہوں نے متنازع ٹوئٹ کر کے پھر سے سرخیوں میں جگہ بنا لی۔

راج کندرا نے اپنی ٹوئٹ میں غیر واضح طور پر لکھا کہ ’ہم دونوں میں علیحدگی ہوگئی ہے، برائے مہربانی ہمیں اس مشکل سے گزرنے کیلیے تھوڑا وقت دیں۔‘

اس ٹوئٹ سے فوری طور پر یہ تاثر ملا کہ جوڑے میں علیحدگی ہوگئی۔ ایک صارف نے سوال کیا کہ’علیحدگی کا مطلب طلاق ہوگئی کیا؟‘ دوسرے نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’یہ بہت تکلیف دہ خبر ہے‘ جبکہ تیسرے نے لکھا کہ ’یہ اپنی مشہوری کھیلی گئی چال ہے۔‘

بعدازاں راج کندرا نے سوشل میڈیا صارفین کو بتایا کہ انہوں نے اپنے ماسک سے علیحدگی اختیار کی ہے جو وہ سالوں سے استعمال کر رہے تھے۔

انہوں نے اپنی نئی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’الوداعی ماسک، یہ جدائی کا وقت ہے۔ پچھلے دو سالوں میں مجھے تحفظ دینے کا شکریہ، اب زندگی کے اگلے سفر پر ہوں۔‘

شلپا شیٹی کے شوہر کو جولائی 2021 میں فحش فلمیں بنانے سے متعلق کیس میں ممبئی سے گرفتار کیا گیا تھا جبکہ وہ اسی سال ستمبر میں ضمانت پر جیل سے رہا ہوئے تھے۔ کیس سے مشہور ہونے والے راج کندرا رواں سال 3 نومبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’یو ٹی 69‘ میں نظر آئیں گے۔

راج کندرا اور شلپا شیٹی کی شادی 2009 میں ہوئی تھی اور جوڑے کے دو بچے ہیں۔