بھارت میں شیو سینا کے رکن اسمبلی سنجے گائیکواڑ نے ممبئی میں ایم ایل اے گیسٹ ہاؤس میں ناقص کھانا دینے پر کینٹین اسٹاف ممبر کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق بھارت میں سنجے گائیکواڑ کی جانب سے کینٹین اسٹاف ممبر کو تھپڑ اور گھونسا مارنے کا معاملہ زیرِ بحث ہے، بلڈھانہ سے رکن اسمبلی ناقص کھانا فراہم کرنے پر طیش میں آگئے۔
سنجے گائیکواڑ نے بتایا کہ رات تقریباً 9:30 یا 10 بجے کے قریب کھانا کھانے کیلیے کینٹین گیا جہاں دیگر ارکان اسمبلی بھی موجود تھے، جب پہلا نوالہ لیا تو کھانے کا ذائقہ کچھ عجیب لگا جبکہ دوسرا نوالہ لینے پر معلوم ہوا کہ کھانا خراب ہے۔
رکن اسمبلی کے مطابق میں نے کینٹین اسٹاف ممبر کو بلا کر باسی کھانا فراہم کرنے کی شکایت کی کیونکہ یہ بالکل ناقابل قبول ہے، یہاں پر ٹھہرے بہت سے ارکان کا تعلق دیہادتوں سے ہے۔
اسٹاف ممبر پر تشدد کرنے سے متعلق سوال کیا گیا کہ تو سنجے گائیکواڑ نے کہا کہ کھانا انتہائی خراب تھا، دوبارہ ایسا کھانا فراہم کیا گیا تو پھر تشدد کروں گا۔
’میں نے کچھ غلط نہیں کیا ہے کھانے کا معیار بدترین تھا، میں اسٹاف ممبر کو دوبارہ ماروں گا مجھے کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔
واضح رہے کہ واقعہ سرکاری گیسٹ ہاؤس میں پیش آیا جہاں مہاراشٹرا اسمبلی کے مون سون اجلاس کے دوران کئی ارکان اسمبلی ٹھہرے ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق کینٹین کے عملے اور شیو سینا کے ایم ایل اے کے درمیان پہلے تلخ کلامی ہوئی پھر بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔