امام تیکنیک سے عاری ہیں، ان کی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی، شعیب اختر برس پڑے

سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا امام الحق کے حوالے سے کہنا ہے کہ ان کے پاس تیکنیک نہیں نہ وہ کور ڈرائیو مار سکتے ہیں، اب ٹیم میں ان کی جگہ نہیں بنتی۔

شعیب اختر نے کہا کہ ایک بندے کے پاس تیکنیک ہے ہی نہیں، اس کو کور ڈرائیو مارتے ہوئے آج تک کسی نے دیکھا ہے؟ وہ اچھا کور ڈرائیو نہیں مارتا۔ وہ اوپنر ہونے کے باجوود کور ڈرائیو نہیں مار سکتا۔

انھوں نے کہا کہ وہ سارا گلانس پر کھیلتا ہے۔ گلانس پر کرکٹ تھوڑی ہوتی ہے۔ ہم آؤٹ ہورہے ہیں بڑے اسکور کی طرف نہیں جارہے اب دیکھنا پڑے گا کہ امام کی جگہ بنتی ہے کہ ٹیم میں نہیں بنتی۔

سابق پیسر نے کہا کہ مجھے امام الحق کے حوالے سے بہت سے تحفظات ہیں کیوں کہ پاکستان کے اوپنرز پرفارم کرہی نہیں رہے۔اتنی بڑی جگہ پر آپ صرف باتوں سے نہیں جیت سکتے۔ میرے خیال میں اب ٹیم میں ان کی جگہ نہیں بنتی انھیں ٹیم سے نکال دیا جائے۔

بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ اختتام پرپاکستان کے لیے جیتنا بڑا ضروری ہے، کیوں اس وقت ہارنا آپشن نہیں ہوسکتا۔ ہم ابھی دنیا کی اتنی معتبر ٹیم نہیں بنے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ آپ کے ٹاپ فور پھر سے نہیں چل رہے ہیں۔ مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ اب کرنا کیا ہے۔ اس کارکردگی کے بعد اعتماد کو نقصان پہنچتا ہے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ فیلڈ کو دیکھے بغیر اور صورتحال کو سمجھے بغیر ہٹ مار دینا یہ کوئی بہادری نہیں ہوتی ہے۔ بہادری یہ ہوتی ہے کہ صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے کس طرح اپنے آپ کو مڈل آرڈر میں سیٹ کرنا ہے اور پھر میچ جتنوانا ہے۔