شعیب اختر نے قومی ٹیم کی شکست کا پوسٹ مارٹم کرڈالا

لاہور: سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے آسٹریلیا سے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست پر گرین شرٹس کی کارکردگی کا پوسٹ مارٹم کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر سنجیدہ بیٹنگ نے کپتان بابراعظم کی محنت پر پانی پھیر دیا۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی ہار پر تبصرہ کرتے ہوئے راولپنڈی ایکسپریس کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اچھی پچ ملی جس پر 200 رنز آرام سے ہوسکتے تھے لیکن قومی ٹیم کے بلے بازوں نے سنجیدگی نہیں دیکھائی، بابر اعظم نے بطور کپتان عمدہ اننگز کھیلی مگر افسوس ہوا کہ ان کی محنت ضائع ہوگئی۔

شعیب اختر نے کہا کہ حارث سہیل نے ایک بار پھر غلط اسٹروک کھیلا جس کی وجہ سے وہ آؤٹ ہوئے، فخر زمان اور آصف علی مکمل ناکام رہے، البتہ محمد رضوان نے گزشتہ اننگز میں اچھی کارکردگی تھی لیکن وہ اس بار خاطر وخواہ پرفارم نہ کرسکے، وہ جلدبازی میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

یہ بھی پڑھیں: اسمتھ نے بہترین بیٹنگ کرکے پاکستان سے فتح چھین لی، بابر اعظم

راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ بولرز کی کارکردگی پر شعیب اختر نے کہا کہ محمد عامر کی بولنگ اچھی تھی مگر عرفان ایک بار پھر مشکلات میں نظر آئے، دراز قد بولر عرفان کی ایک ٹانگ کام نہیں کررہی اس کے باوجود انہیں کھلایاگیا۔

شعیب اختر کا کہنا تھاکہ اسٹیو اسمتھ جیسی بیٹنگ کمانڈ پاکستانی بلے بازوں میں نظر نہیں آئی، بڑے دکھ سے کہنا پڑتا ہے کہ بابر اعظم کے علاوہ کوئی ایسا بیٹسمین نہیں جو حریف بولر کی پٹائی کر سکے۔

سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کے لیے سازگار پچ پر بلے باز 200 رنز بنا سکتے تھے اور آسانی سے میچ جیت کر برتری حاصل کرسکتے تھے مگر بیٹسمینوں نے پچ کا فائدہ نہیں اٹھایا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔گرین شرٹس نےآسٹریلیا کو 151 رنز کا ہدف دیا تھا جسے میزبان ٹیم نے اسٹیو اسمتھ کی 80 رنز کی بدولت با آسانی حاصل کرلیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا، قومی ٹیم کی بیٹنگ بولنگ دونوں ناکام رہی تھی۔