’پسوڑی‘ کے ریمیک پر شعیب اختر کا دلچسپ ردعمل آگیا

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے مقبول پاکستانی گانے ’پسوڑی‘ کے بھارتی ریمیک پر اپنے دلچسپ ردعمل کا اظہار کر دیا۔

’پسوڑی‘ کوک اسٹوڈیو کے سیریز 14 کا مقبول ترین گانا ہے جسے پاکستانی گلوکار علی سیٹھی اور گلوکارہ شے گِل نے گایا ہے۔ یوٹیوب پر اب تک اسے 598 ملین بار سنا جا چکا ہے۔

بالی وڈ اداکار کارتک آریان اور اداکارہ کیارا ایڈوانی کی آئندہ ریلیز کی جانے والی فلم ’ستیہ پریم کی کتھا‘ کیلیے اس مقبول گانے کا گلوکار اریجیت سنگھ اور گلوکارہ تلسی کمار کی آواز میں ریمیک بنایا گیا جو سننے والوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہا۔

سوشل میڈیا پر جہاں بھارتی ریمیک کو لے کر شدید تنقید کی جا رہی ہے وہیں سابق فاسٹ بولر شعیب اختر المعروف ’راولپنڈی ایکسپریس‘ نے بھی مزاحیہ ٹوئٹ کر دیا۔

شعیب اختر نے ٹوئٹ میں لکھا ’اے کی پسوڑی پائی اے‘ جس کا مطلب ہے: ’یہ کیا نئی آفت ہے۔‘ سابق فاسٹ بولر کے ٹوئٹ پر دیگر ٹوئٹ صارفین بھی تنصرے کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز ٹوئٹر پر گلوکار ایجیت سنگھ کے غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے کیے گئے کچھ ٹوئٹس گردش کر رہے تھے جس میں ایک مداح نے گلوکار سے سوال کیا کہ ویسے تو یہ آپ کی پسند ہے لیکن آپ نے اس گانے کیلیے ہاں کیوں کی؟ اس پر اریجیت سنگھ نے جواب دیا کہ ’مجھے غریب بچوں کے اسکول کیلیے سالانہ فنڈز دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔‘

دوسرے ٹوئٹر صارف نے سوال کیا کہ آپ گانے پر ہونے والی تنقید سے پریشان یا دلبرداشتہ نہ ہوں۔ اس پر گلوکار کا کہنا تھا کہ ’بالکل بھی نہیں! میں جانتا تھا کہ گانے پر اس طرح کا ردعمل آئے گا۔ میں بالکل بھی دلبرداشتہ نہیں ہوں۔‘