انگلینڈ نے بھارت کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ کے لیے شعیب بشیر کی جگہ لیام ڈاسن کے نام کا اعلان کردیا۔
انگلینڈ نے یہ فیصلہ لارڈز ٹیسٹ کے دوران فیلڈنگ کے دوران شعیب بشیر کے بائیں ہاتھ میں فریکچر کے بعد کیا ہے۔
21 سالہ شعیب بشیر آخری وکٹ حاصل کرنے کے لیے میدان میں اترے اور انگلینڈ کے لیے ڈرامائی جیت پر مہر ثبت کردی لیکن اس کے بعد وہ سیریز کے بقیہ میچز سے باہر ہوگئے۔
شعیب کی جگہ سلیکٹرز نے 35 سالہ بائیں ہاتھ کے آرتھوڈوکس اسپنر لیام ڈاسن کو طلب کیا ہے، 2016 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ڈانسن نے کیریئر میں اب تک تین ٹیسٹ کھیلے اور سات وکٹیں لی ہیں۔
یہ پڑھیں: انگلینڈ کو دھچکا، شعیب بشیر بھارت کے خلاف بقیہ ٹیسٹ میچز سے باہر
لیام ڈاسن کا انتخاب جاری کاؤنٹی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے جہاں انہوں نے ہیمپشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے 9 میچوں میں 21 وکٹیں حاصل کیں۔
لیوک رائٹ کا کہنا تھا کہ لیام ڈاسن ٹیم میں شامل ہونے کے مستحق ہیں، وہ شاندار فارم میں ہیں اور کاؤنٹی میں ان کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔
واضح رہے کہ لارڈز میں کھیلے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو 22 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔